Tuesday, 21 April 2020

عابد، یاسر اور شاہین کی فٹنس نہ جانچی جاسکی

 لاہور: قومی کرکٹرزکے فٹنس ٹیسٹ لینے کا فرض پورا کرلیا گیا، بابر اعظم اور اظہر علی سمیت مزید11 کھلاڑی بھی آزمائش سے گزر گئے، عابد علی، یاسر شاہ اور شاہین آفریدی ذاتی مسائل کی وجہ سے جانچ کیلیے دستیاب نہیں تھے، رپورٹ ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق کو جمع کرائی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے لاک ڈاؤن کی وجہ سے گھروں تک محدود کرکٹرزکی فٹنس ویڈیو کال پر آزمانے کا فیصلہ کیا تھا،ایسوسی ایشنز کی ٹیموں میں شامل ڈومیسٹک پلیئرز کی آزمائش چند روز قبل ہی شروع ہوگئی تھی، منگل کو سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز حارث سہیل، محمد عباس، اسد شفیق، سرفراز احمد، شان مسعود، حسن علی، شاداب خان اور عماد وسیم نے ویڈیو کال پر آن لائن ٹیسٹ دیے، گذشتہ روز مزید 11 قومی کرکٹرز نے جانچ کرائی، ان میں ٹی ٹوئنٹی کپتان بابر اعظم، ٹیسٹ کپتان اظہر علی، فخر زمان، محمد عامر، وہاب ریاض، محمد رضوان، عثمان شنواری اور امام الحق شامل ہیں،ان سب کے ٹیسٹ اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ یاسر ملک نے لیے، محمد حفیظ، شعیب ملک اور نسیم شاہ کی جانچ  اکیڈمی کے ٹرینر صبور احمد نے کی۔

ذاتی وجوہات کی بنا پر دستیاب نہ ہونے والے عابد علی، یاسر شاہ اور شاہین شاہ آفریدی کے ٹیسٹ اگلے ہفتے ہوں گے،  یاسر ملک تمام ڈیٹا کو پیش نظر رکھتے ہوئے چند روز میں رپورٹ مرتب کرکے ہیڈکوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق کو بھجوائیں گے،دوسری جانب ڈومیسٹک پلیئرز کے ٹیسٹ متعلقہ ٹیموں کے ٹرینرز نے لیے ہیں، جن کھلاڑی کو مناسب جگہ دستیاب نہیں تھی ان کیلیے یویو ٹیسٹ دینا لازمی نہیں تھا، اس بار فٹنس کا معیار کم ہونے پر جرمانے بھی نہیں کیے جارہے، بس ٹیسٹ لینے کا فرض پورا کردیا گیا، اگلی جانچ جون میں ہوگی۔

The post عابد، یاسر اور شاہین کی فٹنس نہ جانچی جاسکی appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2XUwPE9

No comments: