کراچی: ذاکرخان نے اقتدار میں آتے ہی ٹورز کی کسرپوری کردی،تقریباً9 ماہ میں ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ آپریشنزکے اتنے ہی دوروں پر73 لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ ہوئی،بار بار آنا جانا بھی لگا رہا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین نجم سیٹھی کے دور میں ذاکر خان سائیڈ لائن ہی رہے، دلچسپ بات یہ تھی کہ ان سے کوئی کام نہیں لیا جاتا مگرمکمل تنخواہ اور دیگر مراعات ملتی رہیں، جب ذاکر کے قریبی دوست عمران خان کا وزیر اعظم بننا یقینی ہو گیا تو نجم سیٹھی نے اپنی کرسی بچانے کیلیے انھیں مرضی کا عہدہ سنبھالنے کی پیشکش بھی کر دی تھی، وہ ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ آپریشنز تو بن گئے مگر نجم سیٹھی کو گھر جانا پڑا، احسان مانی کے عہدہ سنبھالنے کے بعد ذاکر مکمل فعال ہو گئے، انھوں نے غیرملکی دوروں کی تمام کسر کچھ عرصے میں ہی پوری کر دی ہے، نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ کے پاس موجود دستاویز کے مطابق ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ آپریشنز نے ستمبر 2018 سے جون 2019 تک تقریباً9 ماہ میں اتنے ہی ٹورز کیے جس پر73 لاکھ63ہزار667 روپے خرچ ہوئے۔
اس دورانیے کے بعد بھی انھوں نے کئی دورے کیے جن کی تفصیلات ابھی سامنے آنا باقی ہیں، ذاکر خان نے 16 سے21 ستمبر 2018 تک دبئی کے ٹور پر5 لاکھ 39 ہزار110 روپے خرچ کیے،5 سے 8 اکتوبر تک پھر دبئی جانے پر3 لاکھ 88 ہزار496 روپے صرف ہوئے، ایک ہفتے بعد ہی وہ دوبارہ یو اے ای چلے گئے اور15 سے18 اکتوبرتک4 لاکھ 31 ہزار246 روپے خرچ کر دیے،8 دن کیلیے لاہور واپس آنے کے بعد انھیں دوبارہ دبئی جانے کی ضرورت پیش آ گئی،26 اکتوبر سے12 نومبر تک کے ٹور پر پی سی بی کے16 لاکھ 48 ہزار989 روپے صرف ہو گئے۔
11 سے 16 فروری 2019 تک پھر دبئی کے سفر پر 7 لاکھ 16 ہزار867 روپے خرچ ہوئے،8 دن بعد پھر انھیں پھر دبئی میں ’’ضروری کام‘‘ یاد آ گئے، اس بار24 سے 28 فروری تک6 لاکھ 58 ہزار465 روپے بورڈ کے خزانے سے کم کیے، دلچسپ بات یہ ہے کہ ایک دن کیلیے واپس آ کر وہ پھر دبئی چلے گئے اور یکم سے 3 مارچ تکایک لاکھ 87 ہزار785 روپے خرچ کر دیے،21 مارچ سے یکم اپریل تک ذاکر خان کے ایک اور دورۂ دبئی پر9 لاکھ 20 ہزار708 روپے کے اخراجات آئے،7 سے 19 جون 2019 تک وہ برطانیہ کے ٹور پر گئے اور18 لاکھ 72 ہزار ایک روپے خرچ کیے۔ دوسری جانب پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ آفیشلز کے تمام غیرملکی دورے کام کے سلسلے میں ہوتے ہیں، ان میں کوئی غیرمعمولی بات نہیں ہے۔
The post ذاکر نے اقتدار میں آتے ہی ٹورز کی کسر پوری کر دی appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2VLXAYF
No comments:
Post a Comment