Wednesday, 22 April 2020

قانون کے بغیر حکومت اسکول فیس کم نہیں کرسکتی، عدالت

کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے اسکول فیس میں بیس فیصد کمی کیخلاف درخواست پر نوٹیفکیشن پر عمل درآمد روکنے سے متعلق حکم امتناع میں توسیع کردی۔

جسٹس ندیم اختر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو اسکول فیس میں 20 فیصد کمی کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی، ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سندھ غلام شبیر شاہ ایڈووکیٹ اور ڈائریکٹر پرائیوٹ اسکولز منصوب صدیقی و دیگر پیش ہوئے، سندھ حکومت نے جواب عدالت میں جمع کرادیا۔

جواب میں کہا گیا کہ صوبے بھر میں 12 ہزار پرائیویٹ اسکولز کے ساتھ درجنوں ایسوسی ایشنز کام کر رہی ہیں، لاک ڈاؤن کے دوران 20 فیصد رعایت صوبے بھر کے پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن سے مشاورت کے بعد دے گئی، لاک ڈاؤن کے دوران تمام اسکولوں کے آپریشنل فنکشن بھی بند ہیں، لاک ڈاؤن کے دوران اسکولوں کے اخراجات میں 40 فیصد کمی آچکی ہے اور رعایت 20 فیصد کی گئی ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ آئندہ سماعت پر بتایا جائے کہ کس قانون کے تحت اسکول فیسوں میں 20 فیصد کمی کی گئی ہے، عدالت نے ریمارکس دیے کہ زبردستی فیس کم کرنے کا کہا جا رہا ہے، ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سندھ نے موقف دیا کہ فیس میں 20 فیصد کمی سے اسکول مالکان کوئی نقصان نہیں ہو گا، عدالت نے ریمارکس دیے کہ سارا پیسہ مان لیں اسکول مالکان گھر لے جا رہے ہیں مگر کس قانون کے تحت فیس کم کی گئی ہے؟ سماعت کے دوران بچوں کے والدین نے بات کرنی چاہی جس پر عدالت نے انھیں روک دیا۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے موقف دیا کہ اسکول بند ہیں 80 فیصد فیس لینے کا کہا گیا ہے، عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ تمام نوٹفیکشن واپس لیں ہم درخواست نمٹا دیتے ہیں، قانون بنائیں، قانون کے بغیرحکومت اسکول فیس کم نہیں کر سکتی، ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سندھ نے موقف دیا کہ ایک ماہ کی مہلت دی جائے، کیبنٹ کی میٹنگ نہیں ہو رہی ہے، لاک ڈاؤن اور کرونا وائرس کی وجہ سے بچوں کو فیس کی عدم ادائیگی پر نکالا نہیں جا سکتا ہے۔

عدالت نے اسکول فیس میں 20 فیصد کمی کے نوٹیفکیشن پر عمل درآمد روکنے سے متعلق حکم امتناع میں توسیع کر دی، عدالت نے گذشتہ سماعت پر سندھ حکومت کی جانب سے اسکول فیسوں میں 20 فیصد کمی کے نوٹفیکشن پر عمل درآمد روک دیا تھا، اسکول مالکان کے وکیل نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ سماعت تک فیس کی عدم ادائیگی پر بچوں کو اسکولوں سے بھی نہیں نکالا جائے گا۔

عدالت نے درخواست کی مزید سماعت 29 اپریل تک ملتوی کر دی، سماعت کے بعد غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سندھ غلام شبیر شاہ نے کہا کہ حکومت نے والدین او اسکول مالکان سے مشاورت کے بعد بیس فیصد فیس میں رعایت دی، تمام آپریشنل بند ہیں اسکول کے بجلی وغیرہ اخراجات نہیں ہو رہے ہیں، صرف درخواست دائر کرنے والے اسکولوں پر حکم امتناع کا اطلاق ہو گا، باقی اسکولوں پر سندھ حکومت کے بیس فیصد فیس میں کمی کا اطلاق ہو گا۔

 

The post قانون کے بغیر حکومت اسکول فیس کم نہیں کرسکتی، عدالت appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2Vshs46

No comments: