کراچی: مساجد کی انتظامیہ نے باجماعت نماز کی ادائیگی کے آغاز کے ساتھ ہی احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کے لیے مرکزی دروازوں پر سینی ٹائزر گیٹ کے بجائے کولڈ واٹر کولر پیڈسٹل پنکھے(اسپرے فین ) نصب کردیے ہیں جو سینٹائزر گیٹس کا کام کررہے ہیں۔
سینی ٹائزر پنکھوں سے نمازیوں پر ڈیٹول ملے پانی اور دیگر کیمیکل کے محلول کا اسپرے کیا جارہا ہے، ان اقدامات کا مقصد کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد بھی ہے۔
مقامی مسجد کمیٹی کے منتظم آصف اقبال نے ایکسپریس کو بتایا کہ صدر مملکت اور علماکے درمیان مساجد اور امام بارگاہوں میں باجماعت نماز کی ادائیگی کے لیے جو احتیاطی تدابیر (ایس او پیز) طے ہوئی ہیں ان پر بھرپور طریقے سے عمل کیا جارہا ہے، سب سے اہم بات یہ ہے کہ مساجد اور امام بارگاہوں میں داخل ہونے سے قبل نمازی اپنے ہاتھ صابن سے دھورہے ہیں دروازوں کے باہر واش بیسن اور نلکے نصب کیے جارہے ہیں جس کے ساتھ صابن رکھا ہوگا۔
مساجد کی آمدن کم ہونے سے گیٹس لگانا مشکل ہو گیا
سینی ٹائزر گیٹس مہنگے ہیں جو ایک لاکھ سے زائد روپے تک میں مل رہے ہیں اس کا متبادل حل یہ نکالا گیا ہے کہ کئی مساجد اور امام بارگاہوں کے داخلی دروازوں پر کولڈ واٹر کولر پیڈسٹل پنکھے نصب کیے گئے ہیں یہ پنکھے سینی ٹائزرگیٹس کا کام کررہے ہیں، ان پنکھوں کے ساتھ ایک واٹر کولر نصب ہے جس میں صاف پانی بھرا جاتا ہے جس میں ڈیٹول ملادیا جاتا ہے اس طرح ڈیٹول ملا محلول بن جاتا ہے یہ پنکھے بجلی سے چلتے ہیں ڈیٹول ملا ٹھنڈا پانی اسپرے کرتے ہیں۔
پنکھے سے ایک بار150سے 200 نمازیوں پر اسپرے ہوجاتا ہے یہ پنکھے 5 وقت نماز میں چلائے جاتے ہیں نماز سے 15 منٹ قبل آن کردیے جاتے ہیں اور نماز کے20 منٹ بعد بند کیے جاتے ہیں اس طرح نمازیوں کو جراثیم سے محفوظ بنانے کے لیے اسپرے کیا جارہا ہے۔
اسپرے فین 12ہزار سے14ہزار تک فروخت ہورہا ہے،عمیر فاروقی
کولڈ واٹر کولر پیڈسٹل پنکھے فروخت کرنے والے دکاندار عمیر فاروقی نے بتایا کہ یہ پنکھے گوجرانوالہ، گجرات اور لاہور سے منگوائے جاتے ہیں ایک پنکھا 12ہزار سے 14 ہزار تک فروخت کیا جارہا ہے۔
مساجد کے علاوہ دفاترکے دروازوں پر بھی اسپرے فین لگائے جا رہے ہیں
سینی ٹائزر گیٹس کی جگہ استعمال ہونے والے کولڈ واٹر کولر پیڈسٹل (اسپرے فین) پنکھے فروخت کرنے والے عمیر فاروقی نے بتایا کہ ان پنکھوں کا اسٹاک فی الحال ہے جب الیکٹرانکس مارکیٹس کھل جائیں گی تو ان کی فروخت بڑھ جائے گی یہ پنکھے سینی ٹائزر گیٹس کے متبادل کے طور پر کام کررہے ہیں اسپرے فین مساجد کے علاوہ مختلف اداروں اور دفاتر کے دروزاوں پر بھی نصب کیے جارہے ہیں۔
The post مساجد میں اسپرے پنکھے سے نمازیوں پر کیمیکل کا چھڑکاؤ appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/3asoRER
No comments:
Post a Comment