Thursday, 2 April 2020

سرکاری ملازمین نے کورونا فنڈ میں 3 ارب سے زائد جمع کرادیے

کراچی: سندھ حکومت کے کورونا وائرس ایمرجنسی فنڈ میں دنیا بھر سے عطیات موصول ہونا شروع ہوگئے ہیں، یکم اپریل تک ایمرجنسی فنڈ میں 3 ارب روپے سے زائد جمع کرائے گئے۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ ایمرجنسی فنڈ میں سرکاری ملازمین کی جانب سے 2 ارب چوراسی کروڑ، ترانوے لاکھ 15 ہزار 4 سو چھیاسی روپے سے جمع کرائے گئے ہیں جو ملازمین اور افسران کی تنخواہ سے منہاکیے گئے ہیں، فنڈ میں ارکان اسمبلی اور صوبائی کابینہ کے ارکان کی تنخواہیں بھی شامل ہیں۔

انھوں نے بتایاکہ نجی ڈونرز کی جانب سے 4کروڑ 31 لاکھ، 25 ہزار 671 روپے فنڈ میں دیے گئے جو بہت حوصلہ افزابات ہے، ان کاکہنا تھاکہ سندھ سے تعلق رکھنے والے ایک رٹائرڈ سرکاری ملازم نے 10 لاکھ روپے کے عطیات جمع کرائے دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں نے بھی عطیات سندھ حکومت کے کورونا ایمرجنسی فنڈ میں دیے ہیں۔

واضح رہے کہ پیپلزپارٹی،ایم کیوایم،پی ٹی آئی اورایم ایم اے کے ارکان اسمبلی نے ایک ایک ماہ کی تنخواہ ایمرجنسی فنڈ میں عطیہ کی ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ حکومت یومیہ بنیادوں پر جمع ہونے والے عطیات اور اخراجات سے قوم کو آگاہ کریگی،عوام سے اور مخیر حضرات کورونا ایمرجنسی فنڈ میں دل کھول کر عطیات جمع کرائیں یہ پیسہ قوم کی امانت ہے جسے خرچ کرنے کے لیے نامور افراد پر مشتمل کمیٹی قائم کی گئی ہے۔

 

The post سرکاری ملازمین نے کورونا فنڈ میں 3 ارب سے زائد جمع کرادیے appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/347TcHk
via IFTTT

No comments: